ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں طلبا کو ہاسٹل خالی کرنے کی ہدایت، کورونا کا اثر

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں طلبا کو ہاسٹل خالی کرنے کی ہدایت، کورونا کا اثر

Thu, 06 Jan 2022 21:08:45    S.O. News Service

علی گڑھ،6؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستان میں بڑھتے کورونا کیسز کے درمیان تعلیمی اداروں میں کئی طرح کی سختیاں کی گئی ہیں اور احتیاطی اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس درمیان علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے وائس چانسلر طارق منصور سمیت 18 افراد کا کورونا ٹیسٹ گزشتہ روز پازیٹو برآمد ہوا۔ بعد ازاں مشکل حالات کو دیکھتے ہوئے اے ایم یو نے ہاسٹل میں رہنے والے طلبا کو فوراً ہاسٹل خالی کرنے کا فرمان سنا دیا ہے۔ ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھر چلے جائیں یا پھر کسی محفوظ مقام کو اپنا ٹھکانہ بنائیں۔

دراصل اے ایم یو میں گزشتہ سال سے کلاسز آن لائن ہی چل رہی ہیں اور سبھی طلبا کو ان کے گھر بھیج دیا گیا تھا۔ لیکن کچھ طلبا ایسے ہیں جو یا تو پی ایچ ڈی کر رہے ہیں یا دیگر کسی کورس کی وجہ سے ہاسٹل میں رہ رہے ہیں۔ ان کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ ہاسٹل خالی کر محفوظ مقامات کے لیے رخت سفر باندھیں۔

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی پی آر او عمر پیرزادہ نے بتایا کہ اے ایم یو وائس چانسلر طارق منصور کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں اور اپنی سرکاری رہائش سے آن لائن کام کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے درخواست کی ہے کہ جو بھی لوگ ان کے رابطے میں آئے ہیں وہ ضروری احتیاط برتیں اور سرکار کی ایڈوائزری پر عمل کریں۔ طلبا کو مشورہ دیا گیا ہے کہ جو اے ایم یو میں کسی طرح سے اپنے کام کے لیے آئے ہوئے ہیں اور ہاسٹلوں میں رہ رہے ہیں، وہ واپس اپنے گھروں یا محفوظ جگہ پر لوٹ جائیں۔


Share: